لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلاموفوبیا قابلِ مذمت ہے اور اس کی وجہ سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں معصوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم بھی اسلاموفوبیا کی ایک شکل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام ایک پُرامن دین ہے اور مسلمان امن پر یقین رکھتے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ اسلام وہ دین ہے جس نے بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دی اور اسلامی اقدار کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسلاموفوبیا کی روک تھام کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ممالک کو آپس کی نااتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہیے۔ ان کے مطابق اسلامی اقدار پر عمل اور ہمارا انفرادی طرزِ عمل اسلاموفوبیا کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن پر ہمیں بردباری، برداشت اور تحمل کا عہد کرنا ہوگا اور عالمی سطح پر اس کے خاتمے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔
DATE.Mar/16/2026



