اسلامو فوبیا کے خلاف قومی کانفرنس: خود احتسابی اور اصلاحِ عمل پر زور

اسلام آباد: اسلامو فوبیا کے خلاف قومی کانفرنس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مسلم دنیا کو خود احتسابی کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ “سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اسرائیل کی محض ڈیڑھ کروڑ آبادی نے اڑھائی ارب مسلمانوں کو کیسے یرغمال بنا رکھا ہے؟” انہوں نے مزید کہا کہ “ہم اپنی کوتاہیوں کو دوسروں پر ڈال دیتے ہیں، حالانکہ ہمارے خلاف کوئی سازش نہیں، ہم خود ہی اپنی ناکامیوں کے ذمہ دار ہیں۔”

یہ کانفرنس رحمت للعالمین اتھارٹی کے زیراہتمام ورلڈ اسلامو فوبیا ڈے کے موقع پر منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال، چیئرمین رحمت للعالمین اتھارٹی خورشید ندیم، وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر، اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے امت مسلمہ کی داخلی کمزوریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ “یہ کہاں کا اسلام ہے کہ جب کوئی اسلام کی توہین کرے تو ہم اپنے ہی ملک کو آگ لگا دیں؟ کیا یہود و نصاریٰ ہمیں گلیوں میں گند پھیلانے، دودھ میں ملاوٹ کرنے، یا کرپشن کی ترغیب دیتے ہیں؟” انہوں نے اپنی زندگی پر ہونے والے قاتلانہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “مجھے بھی اسلام کے نام پر گولی ماری گئی، جو آج بھی میرے جسم میں موجود ہے۔”

رحمت للعالمین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید ندیم نے اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے تعلیم اور مثبت طرزِ عمل کو کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں “رحمت للعالمین یوتھ کلبز” قائم کیے جائیں گے، جبکہ اقلیتوں کے لیے “رحمت للعالمین مینارٹیز کلبز” بھی بنائے جائیں گے، تاکہ نوجوان اور اقلیتی برادری مثبت سرگرمیوں میں شامل ہو سکیں۔

وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کہا کہ “رحمت للعالمین اتھارٹی کے اقدامات معاشرے میں خیر و برکت کا باعث بنیں گے۔” انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ خود احتسابی کریں اور دیکھیں کہ “کیا ہماری زندگیوں کا ہر پہلو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق ہے یا نہیں؟”

دیگر مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اقوامِ متحدہ نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ اسلام مخالف عناصر، اسلام کی تعلیمات کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے دوران جعفرآباد ایکسپریس حادثے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

DATE . Mar/15/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top