
اسلام آباد:اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں سرگرم غیر ملکی منشیات نیٹ ورک کے سرغنہ سمیت 2 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
کارروائی کے دوران نائجیرین منشیات نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا گیا، جو اسلام آباد اور راولپنڈی میں طلبہ کو کوکین اور آئس فراہم کر رہا تھا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 860 گرام کوکین کیپسول، کوکین پیکٹس اور میتھ ایمفیٹامین برآمد ہوئی۔
حکام کے مطابق گروہ کے سرغنہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی اور دیگر شواہد بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں موجود غیر ملکی منشیات نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے ”ڈرگ فری اسلام آباد“ مہم پر بھرپور عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔
DATE . Feb/21/2026


