اسلام آباد میں عوامی سہولت کے متعدد نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت میں عوامی سہولت کے متعدد منصوبوں کی باضابطہ منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے فیض آباد انٹرچینج کی ری ماڈلنگ اور اس میں مزید دو لینز کے اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ فیصل چوک کے مقام پر 2+2 لینز پر مشتمل انڈر پاس کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی تاکہ اس اہم مقام پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کی منصوبہ بندی مستقبل کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔

اجلاس میں بلیو ایریا میں تعمیر شدہ پارکنگ پلازہ کو جلد فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لیے جگہوں کی نشاندہی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوڈ سٹریٹ اور پارکنگ پلازہ کے لیے بہترین بزنس ماڈل تیار کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔

بلیو ایریا فوڈ سٹریٹ میں پیڈسٹرین ٹریکس، فوڈ اسٹالز، پارکنگ، شہریوں کے لیے بیٹھنے کے مقامات اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے مخصوص جگہوں کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے۔ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں کمرشل دکانیں، روف ٹاپ ریستوران، پلے لینڈ، سینما اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی پولیس سید علی ناصر رضوی، سی ڈی اے بورڈ ممبران، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی

DATE . Apr/23/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top