
اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے آج یوم تشکر کے موقع پر ایک پروقار فلیگ مارچ کا انعقاد کیا، جس کی قیادت انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کی۔ اس فلیگ مارچ کا مقصد دفاع وطن میں پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی اور اپنے فرائض کی بجا آوری کے عزم کا اظہار کرنا تھا۔
فلیگ مارچ کا آغاز سپورٹس کمپلیکس سے ہوا اور یہ زیرو پوائنٹ، خیابان چوک، جناح ایونیو، شاہراہ دستور اور سری نگر ہائی وے سے ہوتا ہوا جناح سپورٹس کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوا۔ اس مارچ میں اسلام آباد پولیس کے تمام سینئر افسران اور تمام ڈویژنز کی نمائندگی موجود تھی۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد پولیس ہمیشہ دفاع وطن میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے پولیس افسران اور جوانوں کے جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے ان کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا-
DATE . May/12/2025