
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے پندرہ رکنی نمائندہ وفد نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت عبدالواحد قریشی، جنرل سیکرٹری منظور احمد ججہ، نائب صدر افتخار باجوہ، ڈپٹی اٹارنی جنرل میاں فیصل اور دیگر عہدیداران بشریٰ طارق، فائزہ ملک، فرح خان، دابعہ شہزاد اور دیگر نے کی۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، وکلاء کی ویلفیئر اور عدالتی نظام کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے وفد کو حالیہ بار الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وکلاء ملک میں قانون کی بالادستی اور استحکام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔
وفد نے چیئرمین سینیٹ کو اسلام آباد بار کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔ اس کے علاوہ وفد نے چیئرمین سینیٹ کو اسلام آباد بار سے خطاب کی دعوت بھی دی، جس پر انہوں نے جلد دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔
سیدال خان ناصر نے کہا کہ حکومت فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور وکلاء عدالتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر ملک میں قانون کی حکمرانی، ادارہ جاتی استحکام، اور قومی بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان سے ملک کے مالی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے وکلاء کے مسائل کے حل اور عدالتی نظام کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وکلاء کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ملاقات کے اختتام پر وفد کے اراکین نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وکلاء برادری ملک میں انصاف کے قیام اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی
DATE . Apr/15/2025