
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے آغاز پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی سی بی انتظامیہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اسپیکر نے پی ایس ایل 10 میں شریک تمام کھلاڑیوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ٹورنامنٹ میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں پی ایس ایل نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور یہ ایونٹ دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنا ہے۔
سردار ایاز صادق نے امید ظاہر کی کہ شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور دنیا بھر کی توجہ اس ایونٹ کی جانب مبذول رہے گی۔
انہوں نے نامور ملکی و غیر ملکی کرکٹرز کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے گہری وابستگی رکھتے ہیں، جو اس کھیل کی کامیابی کا ضامن ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے کامیاب اور خوشگوار اختتام کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
DATE . Apr/12/2025