
ملکوال: اغوا برائے تاوان کا ڈراپ سین، پانچ سالہ مغوی بچہ بحفاظت بازیاب، مرکزی ملزم ہلاک، خاتون سمیت دو گرفتار ہو گئے ہیں۔
ملکوال کے نواحی علاقے میں اغوا برائے تاوان کا سنسنی خیز واقعہ اُس وقت انجام کو پہنچا جب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچ سالہ مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
تفصیلات کے مطابق موضع ممدانہ سے تعلق رکھنے والے بچے عبداللہ کو پانچ روز قبل اغوا کیا گیا تھا۔ ملزمان نے بچے کی رہائی کے بدلے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ میانہ گوندل میں درج کی گئی، جس کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگایا۔
ڈی پی او وسیم ریاض خان کے مطابق ملزمان جب تاوان وصولی کے لیے ڈفر جنگل پہنچے تو پولیس نے فوری کارروائی کی۔ اس دوران ملزمان کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی گئی، جس کا پولیس نے مؤثر جواب دیا۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مرکزی ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے ہلاک ہو گیا، جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے اس کارروائی کے دوران مغوی بچے کی ہمسایہ خاتون کو بھی گرفتار کر لیا جو اغوا کی منصوبہ بندی میں شریک تھی۔ گرفتار ملزمان میں سے دو کا تعلق ضلع بہاولپور سے جبکہ خاتون کا تعلق مقامی گاؤں موضع ممدانہ سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاوان کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
DATE . Apr/12/2025