
لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے جرات اور بہادری کی ایک اور داستان رقم کرتے ہوئے دشمن کو سبق سکھایا، جس سے جنگی جنون میں مبتلا بھارت کا غرور خاک میں مل گیا ہے۔ وہ لاہور کے علاقے شاہدرہ میں یوم تشکر منانے کی تقریب کے موقع پر نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ پاکستان نے بہتر حکمت عملی سے بھارت کو بھرپور جواب دیا، جس کی وجہ سے مودی کا اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور ہو گیا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں نے دنیا میں پاکستان کا نام بلند کر دیا ہے، اب بھارت دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں مسلم لیگ ن کے مرکزی دفتر میں یوم تشکر منانے کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی، جس میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے سمیع اللہ خان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور “نعرہ تکبیر، پاکستان زندہ باد، اور پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے۔
DATE . May/12/2025