کالا شاہ کاکو: پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کالا شاہ کاکو میں گندم کے کاشتکاروں کو ٹریکٹرز اور کیش گرانٹ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان پر فخر ہے اور قوم نے متحد ہو کر ملک کی سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، اللہ تعالیٰ ملک کو تاقیامت سلامت رکھے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا امن ہماری ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرحدوں کی جنگ نہیں بلکہ نظریہ اور جذبوں کی جنگ تھی جس میں کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد بدنیتی اور نفرتیں پیدا کرنے والوں کے ساتھ نہیں ہوتی۔ انہوں نے سیاسی اور عسکری قیادت، عوام اور میڈیا کے جنگ کے دوران بھرپور ساتھ دینے کو سراہا۔مریم نواز نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی پنجاب حکومت کی ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گندم کی سپورٹ پرائس کی بجائے کاشتکار کو براہ راست سبسڈی دی جا رہی ہے اور پہلی بار ایک ہزار ٹریکٹر کسانوں کو بالکل مفت دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے سال مزید 20 ہزار کاشتکاروں کو سبسڈی پر گرین ٹریکٹر دیے جائیں گے اور ہر تحصیل میں رینٹل ایگری کلچر مشینری سینٹر قائم کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی نے کہا کہ کسان کی خوشحالی پنجاب کی خوشحالی ہے اور اسی لیے کاشتکاروں کی فلاح کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے چین کی طرف سے تحفتاً ملنے والے 300 ملین کے 75 ٹریکٹرز اور دیگر زرعی آلات کا بھی معائنہ کیا۔
Date . May/16/2025