
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کا مکمل احترام کریں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس نوعیت کی فوجی کارروائیوں کے خطے پر تشویشناک اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ فوجی کارروائیاں ایک خطرناک نظیر قائم کرتی ہیں جو عالمی امن و سلامتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی تنازعے کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے سفارتکاری اور مکالمے کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے بحران کا پائیدار اور پرامن حل صرف جامع اور بامقصد مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انتونیو گوتریس نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرے۔
DATE . Jan/5/2026


