
اسلام آباد- پاکستان کے دورے پر آئے امریکی اراکین کانگریس نے اپنے دورے کو انتہائی کامیاب اور مستقبل کے حوالے سے اہم قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات سے ملاقاتوں سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رکن کانگریس جیک وارن برگ مین نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی اہمیت مسلمہ ہے اور مستقبل میں یہ مزید مضبوط ہوں گے، اس کے مثبت اثرات نہ صرف پاکستان اور امریکہ بلکہ دنیا کے دیگر ترقی پذیر علاقوں پر بھی مرتب ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ یہاں مخصوص شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں جس میں معدنیات ایک اہم شعبہ ہے،یہ اقدامات آنے والے وقت میں ایسی مضبوط صنعتوں کی بنیاد رکھیں گے جو پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہوں گی۔
کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی نے کہا کہ پاکستان کا دورہ شاندار رہا اور وہ پاکستانیوں کی میزبانی کے شکر گزار ہیں، انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ معاشی سلامتی کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
کانگریس مین جوناتھن لوتھر جیکسن نے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ دیکھا ہے، جوناتھن لوتھر جیکسن نے پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، انہیں وسعت دینے اور پاکستان کی کامیابیوں کے لیے اپنی پُرعزم وابستگی کا اظہار کیا۔
DATE . Apr/14/2025