انسداد چائلڈ لیبر ڈے: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی پیغام

News Image

لاہور: بچوں سے جبری مشقت کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے ایک پراثر پیغام جاری کرتے ہوئے چائلڈ لیبر کو معاشرتی المیہ اور قومی مستقبل کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی چائلڈ لیبر کے واقعات انسانیت کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، جن کا سدباب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ “بچوں کے ہاتھ میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں، نہ کہ اوزار اور اینٹیں۔ کم سنی میں بوجھ اٹھانے والے بچے ہر مہذب معاشرے کے لیے سوالیہ نشان ہیں۔ اگر ہم معصوم بچوں کا بچپن محفوظ نہ بنا سکے تو آنے والے کل میں ہمارا معاشرہ مفید شہریوں سے محروم ہو جائے گا۔”

مریم نواز شریف نے چائلڈ لیبر کو محض ایک سماجی مسئلہ نہیں بلکہ نسلوں کے مستقبل کا سوال قرار دیتے ہوئے کہا:
“چائلڈ لیبر بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، بچے میری ریڈ لائن ہیں۔”

وزیر اعلیٰ نے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے “پنجاب چائلڈ پروٹیکشن پالیسی” نافذ کی ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پہلا ورچوئل چائلڈ سیفٹی اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے، جو بچوں کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مؤثر پالیسیوں کے ذریعے بچوں کو جبری مشقت سے نجات دلا کر تعلیم کی طرف لا رہی ہے، تاکہ وہ ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں۔
“ہم ایسا پنجاب چاہتے ہیں جہاں ہر بچہ مزدوری نہیں، بلکہ علم حاصل کرے اور قوم کا مستقبل سنوارے،” وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا۔

مریم نواز شریف نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں اور ایک ایسا محفوظ ماحول تشکیل دیں جہاں ہر بچہ تعلیم یافتہ، بااختیار اور خوشحال ہو۔

DATE . JUN/12/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top