انگلش پریمیئر لیگ،ویسٹ ہیم یونائیٹڈ نے فلہم کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 گول سے ہرا دیا

English Premier League
English Premier League

لندن۔15جنوری (اے پی پی):ویسٹ ہیم یونائیٹڈ نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں فلہم کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا۔ دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور برینٹ فورڈکی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 2-2 گول سے برابررہا،چیلسی اور بورن مائوتھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بھی 2-2 گول سے برابری پر ختم ہوگیا جبکہ ناٹنگھم فارسٹ اور لیورپول کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بھی 1-1 گول سے برابررہا۔ پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔لندن سٹیڈیم ،لندن میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں ویسٹ ہیم یونائیٹڈکی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد فلہم کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا۔ کارلوس سولر ،ٹامس سوسک اور لوکاس پیکیٹا نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

فلہم کی جانب سے الیکس ایوبی نے دو گول سکور کیے ۔ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی یہ لیگ میں ساتویں فتح ہے۔ جی ٹیک کمیونٹی سٹیڈیم، برینٹ فورڈ میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور برینٹ فورڈکی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ۔یہ میچ 2-2 گول سے برابررہا۔سٹامفورڈ برج، لندن کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں چیلسی اور بورن مائوتھ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں یہ میچ بھی 2-2 گول کی برابری پر ختم ہوگیا۔ دی سٹی گرائونڈ ،ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں ناٹنگھم فارسٹ اور لیورپول کی ٹیمیں پنجہ آزما تھیں جن کے درمیان یہ میچ بھی سخت مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوگیا۔ واضح رہے کہ انگلش پریمیئر لیگ میں لیورپول کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 47 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہے ۔ ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیم 41 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آرسنل کی ٹیم 40 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

DATE . JAN/15/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top