کابل: پاکستان اور افغانستان نے اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کابل دورے کے موقع پر پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ افغان پناہ گزینوں کو عزت و احترام کے ساتھ اُن کے وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں کی واپسی کے عمل میں کسی بھی شکایت پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ افغان شہریوں کو اپنے اثاثے اور اپنا سامان لے جانے کی مکمل اجازت ہے۔ وہ دہائیوں سے ہمارے مہمان تھے اور انہیں عزت سے بھیجنا ہمارا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحد پار تجارت میں اضافے کے لیے رواں سال 30 جون سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تجارتی سہولت کی رفتار کو جاری رکھنے کے لیے باقاعدگی سے تجارتی نمائشوں اور تجارتی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق ہوا ہے۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ طورخم بارڈر پر آئی ٹی سسٹم بھی جلد بحال کیا جائے گا.
Date . Apr/20/2025