ایرانی جوہری تنصیب فردو کا ماضی میں کئی بار دورہ کیا: سابق موساد چیف کا بڑا دعویٰ

ایرانی جوہری تنصیب فردو کا ماضی میں کئی بار دورہ کیا: سابق موساد چیف کا بڑا دعویٰ
فوٹو: فائل

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سابق سربراہ یوسی کوہن نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی اہلکار ایران کی زیر زمین جوہری تنصیب فردوکا کئی مرتبہ دورہ کر چکے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یوسی کوہن نے کہا کہ ہم نے فردو جوہری تنصیب کو سمجھنے کے لیے کئی مرتبہ اس کا دورہ کیا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ دورے کب کیے گئے اور ان میں کون لوگ شامل تھے۔

یوسی کوہن نے 2025 میں ایران کیخلاف امریکی کارروائی کے دوران فردو  تنصیب پر حملے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ امریکیوں کی جانب سے اس پر بمباری میرے تمام خوابوں کی تکمیل تھی۔

فردو کے علاوہ ایران کی نطنز اور اصفہان جوہری تنصیبات بھی جون 2025 میں اسرائیل اور ایران کے درمیان 12 روزہ جنگ کے دوران امریکی حملوں کا نشانہ بنی تھیں جن سے ان تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔

یوسی کوہن نے 60 فیصد افزودہ یورینیم کے بارے میں کہا کہ یہ اب بھی ایٹم بم بنانے سے بہت دور ہے تاہم جوہری ماہرین کا کہنا ہے کہ 60 فیصد افزودگی ہتھیاروں کے لیے درکار سطح کے بہت قریب ہے اور اسے مزید افزودہ کر کے ہتھیاروں کے قابل مواد بنایا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ یوسی کوہن 2015 سے 2021 تک موساد کے سربراہ رہے۔ عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد انہوں نے ایک غیر معمولی ٹی وی انٹرویو میں ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف موساد کی کارروائیوں کے حوالے سے متعدد اہم اشارے دیے تھے۔

DATE . 13 / Aug/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top