
تہران:ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل پر حملے میں پہلی بار جدید ہائپر سونک میزائل فتح-1 استعمال کیا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی “پریس ٹی وی” پر نشر ہونے والے بیان میں پاسداران انقلاب کے ایک کمانڈر نے بتایا کہ اسرائیل کے خلاف جاری آپریشن “وعدہ صادق سوم” کی گیارہویں لہر میں فتح-1 میزائل داغے گئے۔
کمانڈر نے مزید کہا کہ ایرانی افواج نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔اس حملے کے بعد اسرائیل میں فضائی حملے کے سائرن بجنے کی آوازیں سنائی دیں۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، پاسداران انقلاب نے آپریشن کے تازہ ترین مرحلے کو “ٹرننگ پوائنٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ الفتح میزائل کا داغنا اسرائیل کے دفاعی نظام کے لیے اختتام کی ابتدا ہے۔ اس میزائل کے داغے جانے سے پہلے ایرانی پاسداران انقلاب نے تل ابیب کے رہائشیوں کو بڑے حملے کی وارننگ دیتے ہوئے انخلا کا الرٹ جاری کیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے بھی میزائل حملے کی وارننگ جاری کی اور شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کی ں۔
واضح رہے کہ ہائپر سونک میزائل کی رفتار عام طور پر آواز کی رفتار سے 5 سے 25 گنا زیادہ ہوتی ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کا دعویٰ ہے کہ یہ میزائل تمام دفاعی نظاموں کو چکمہ دے کر انہیں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے-
DATE . June/18/2025