ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی کادورہ پاکستان،دونوں ممالک کا مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی اردشیر لاریجانی نے 25 سے 26 نومبر 2025 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈاکٹر لاریجانی نے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کے ساتھ وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات کیے۔ انہوں نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اور آرمی چیف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران نے تاریخ، ثقافت اور مذہبی ہم آہنگی پر مبنی دیرینہ تعلقات کے اعادے کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے سیاسی روابط، تجارت و معاشی تعاون، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات، سرحدی سیکیورٹی، علاقائی رابطہ سازی، ثقافتی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ سمیت متعدد شعبوں میں شراکت بڑھانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے کہا کہ تعلقات کا فروغ خطے کے امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے اہم ہے۔مذاکرات میں علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی جامع تبادلۂ خیال ہوا، جس میں تنازعات کے پرامن حل، بامقصد مکالمے اور قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاکستان اور ایران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ایرانی سیکریٹری کے اس دورے سے پاک۔ایران دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت مزید مضبوط ہوئی اور باہمی اعتماد و تعاون کو فروغ ملا۔

Date . Nov/28/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top