
اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NTC) کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے گئے۔
یہ تاریخی معاہدہ سائبر سیکیورٹی کے میدان میں دونوں اداروں کے درمیان باضابطہ تعاون کا فریم ورک فراہم کرتا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کو زیادہ محفوظ اور مضبوط بنانا ہے۔
اس تعاون کے کلیدی نکات میں ابھرتے ہوئے سائبر خطرات اور ان کے تدارک کے لیے مشترکہ حکمت عملی، تکنیکی معلومات اور بہترین طریقہ کار کا تبادلہ،خطرات کی شناخت، ردعمل، اور واقعہ سے نمٹنے کی صلاحیتوں میں بہتری، سائبر سیکیورٹی ٹیکنالوجیز میں تحقیق و جدت اور کاروباری ڈیجیٹلائزیشن کی کوششوں کو فروغ دینا شامل ہے ۔
یہ معاہدہ این ٹی سی ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں طے پایا، جس میں این ٹی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر، میجر جنرل (ر) علی فرحان اور ایس ای سی پی کے کمشنر مجتبیٰ احمد لودھی نے شرکت کی۔
یہ شراکت داری پاکستان میں قومی سطح پر سائبر سیکیورٹی کے فروغ اور ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مستقبل میں مزید اشتراکِ عمل کی راہ ہموار کرے گی۔
DATE . Oct/7/2025