
اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے عوام کو “باروقت” ایپ کے حوالے سے جاری دھوکہ دہی کی سرگرمیوں پر خبردار کر دیا ہے۔ یہ ایپ سیڈکریڈ فنانشل سروسز لمیٹڈ (SFSPL) کے زیر انتظام تھی، جو اس وقت غیر فعال ہے۔ ایس ای سی پی نے اس ایپ کو اگست 2024 میں باضابطہ طور پر ڈی لسٹ کر دیا تھا۔
ایس ای سی پی کو اطلاعات ملی ہیں کہ کچھ افراد سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور جھوٹا دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ SFSPL کی جانب سے کریڈٹ بیوروز کو بھیجے گئے قرض ڈیفالٹ ریکارڈز کو ختم یا تبدیل کر سکتے ہیں۔ یہ افراد ان جعلی خدمات کے بدلے رقم کی طلب کر رہے ہیں، جو کہ سراسر دھوکہ دہی ہے اور کسی قانونی اختیار کے بغیر انجام دی جا رہی ہے۔
ایس ای سی پی نے عوام کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی غیر مجاز فرد یا ادارے کو ایسی خدمات کے عوض رقم ادا نہ کریں۔ کریڈٹ بیورو ایکٹ 2015 کے تحت صرف مجاز کریڈٹ بیوروز اور ان کے رکن ادارے ہی قرضے کی حیثیت اور ڈیٹا کی درست رپورٹنگ کے مجاز ہیں۔
کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں، کسی بھی قسم کے دھوکہ دہی سے بچیں اور جعلی دعووں کا شکار نہ ہوں۔
DATE . Apr/12/2025