
اسلام آباد:غیر ملکی میڈیکل اور ڈینٹل گریجویٹس کے لیے نیشنل رجسٹریشن امتحان (این آر ای-1) کل اتوار کو ملک بھر کے بڑے علاقائی مراکز میں منعقد کیا جائے گا۔
این آر ای امتحان پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی پالیسی کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز)راولپنڈی کے زیرِ اہتمام لیا جائے گا۔اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 7,076 میڈیکل اور ڈینٹل گریجویٹس نےپاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں رجسٹریشن کرائی ہے جو کل ہونے والے امتحان میں شرکت کریں گے۔
ان میں 6,989 میڈیکل گریجویٹس اور 87 ڈینٹل گریجویٹس شامل ہیں۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امتحان ملک کے چار مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔
اسلام آباد/راولپنڈی میں 2,358 میڈیکل اور 43 ڈینٹل امیدوار، کراچی میں 499 میڈیکل اور 4 ڈینٹل امیدوار، لاہور میں 3,562 میڈیکل اور 30 ڈینٹل امیدوار جبکہ پشاور میں 570 میڈیکل اور 10 ڈینٹل امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔
DATE . Dec/14/2025


