
اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے جینڈر اینڈ چائلڈ سیل (جی سی سی) کی جانب سے جینڈر ٹاسک فورس اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے تعاون سے ماحولیاتی استحکام اور صنفی مساوات کے لیے خواتین اور لڑکیوں کو با اختیار بنانے کے عنوان پر دو روزہ قومی سطح کے مشاورتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 14 اور 15 جنوری 2025 کو اسلام آباد میں ہونے والے اس مشاورتی اجلاس کا مقصد مقامی سطح پر عوام میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے حوالے سے آگاہی اور بیداری کے منصوبوں میں خواتین اور لڑکیوں کو شامل کرنا ہے۔
مشاورتی اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں بروقت رسپانس اور سماجی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے تمام اکائیوں کو درپیش خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے اقدامات کرنا نہایت ضروری عمل ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بلاشبہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خواتین اور لڑکیوں کو نسبتاً زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہذاآفات سے نمٹنے اور تیاری کے منصوبوں میں خواتین اور لڑکیوں کی شمولیت نہایت ضروری ہے تا کہ وہ اپنے مسائل اور ان کے تدارک کے لیے منصوبہ بندی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اس موقع پر موسمیاتی حکمت عملیوں میں خواتین اور لڑکیوں کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے باعث خواتین اور لڑکیوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس مسئلے کے حل کے لیے مقامی سطح پر تیاریوں اور منصوبوں میں خواتین کی شمولیت نہایت ضروری ہے تا کہ انہیں درپیش خطرات کا تدارک ممکن ہو سکے۔پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹرمحمد یحییٰ نے پاکستان میں موسمیاتی استحکام کے لیے خواتین کی شمولیت اور ان کے صلاحیتی دائرہ کار میں اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پورٹ فولیو مینجر وومن ایمپاورمنٹ، یو این ویمن سے فریحہ عمر نے اس موقع پر موسمیاتی استحکام کے منصوبوں میں ترجیحی بنیادوں پر خواتین کی شمولیت کو ضروری قرار دیا۔مشاورتی سیشن کے دوران مختلف مباحثے بھی پروگرام کا حصہ تھے جہاں پر مسائل کے حل کے لیے خواتین کی شمولیت کی اہمیت پر بحث ہوئی۔ مباحثوں کے پینالسٹ میں یو این ڈی پی کے نمائندہ سیمول رزق، یو این وومن کے نمائندہ جمشید قاضی،آغا خان فائونڈیشن فا ر ہیبیٹیٹ نصرت نصاب، کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف فنڈآصف علی شیرازی اورنمائندہ وی ایس او شیر افشین شامل تھیں۔ سیمینار (آج) بدھ کو بھی جاری رہے گا جس میں صنفی اور تعلیمی ماہرین پینل مباحثوں میں شامل ہوں گے۔
DATE . JAN/15/2025