
اسلام آباد: منگل کے روز این ڈی ایم اے ہیڈ کواٹر اسلام آباد میں تین روزہ پاکستان ایکسپو آن ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن (PEDRR 2025) کا آغاز ہو چکا ہے۔وزیر اعظم کی جانب سے منظوری کے بعد پیڈر کے دوسرے ایڈیشن کا موضوع “پاکستان ریزیلئنس وژن 2030” رکھا گیا ہے۔ پیڈر 2025 آفات کی تیاری کو بڑھانے، متعلقہ اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دینے اور خطرات کے تدارک کے لئیے جدید تکنیکی آلات اور مشینری کی نمائش کے ساتھ ساتھ موئثر مباحثوں اور مکالموں لیے ایک اہم فورم کا کردار ادا کرتا ہے۔
این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور اقوام متحدہ کی قائم مقام ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محترمہ کوکو اوشیاما نے مشترکہ طور پر پیڈر2025 کا آغاز کیا اور شرکاء کو ایکسپو کے انعقاد سے بھر پور انداز میں فائدہ اٹھانے اور قدرتی آفات سے نمٹنے اور تیاری کے شعبہ میں جدت لانے کے لئیے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
پیڈر 2025 کے دوران ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور پالیسی اصلاحات پر مباحثے، آفات سے نمٹنے، پائیدار تیاری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے تدارک پر مکالموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں آفات سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے شعبہ ماہرین کے پینل پر مشتمل متعدد سیمینار اور گروپ ڈسکشن بھی پیڈر 2025 کا حصہ ہوں گے۔
مسلح افواج کی جانب سے آفات اور ہنگامی صورتحال کے دوران امدادی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے جدید آلات اور مشینری کی نمائیش بھی ایسکپو کا حصہ رہے گی۔علاوہ ازیں معروف فلاحی تنظیموں، سرکاری اداروں،شعبہ صنعت کے ماہرین سمیت تعلیمی اداروں کی جانب سے پیڈر 2025 کے انعقاد میں بھر پور انداز میں شرکت جاری رہے گی جہاں آفات سے نمٹنے اور مختلف شعبہ جات سے منسلک تنظیموں اور اداروں کی جانب سے 52 سے زائد صلاحیتی نمائشوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
پیڈر 2025استحکام، جدت، تیاری اور تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آ رہا ہے، جو ایک پائیدار اور محفوظ مستقبل کے لیے پاکستان کے عزم کو تقویت دیتا ہے۔ PEDRR موئثر بات چیت اور تعاون کے فروغ اور خطرات کے تدارک میں اجتماعی کوششوں اور بر وقت اقدامات کو یقینی بنانے کے لئیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو گا
DATE . May/6/2025