
اسلام آباد:عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی کے تحت پاکستان کی جانب سے کیے گئے پالیسی اقدامات سے معیشت کو استحکام ملا ہے اور کاروباری اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر برائے کمیونیکیشنز جولی کوزیک نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران نے بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی مالیاتی کارکردگی مضبوط رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مجموعی قومی پیداوار کے مقابلے میں 1.3 فیصد مالیاتی سرپلس حاصل ہے جو پروگرام کے طے شدہ اہداف کے مطابق ہے۔
جولی کوزیک کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح میں بتدریج کمی آئی ہے جبکہ مالی سال 2025 میں پاکستان نے 14 برس بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا۔
آئی ایم ایف کی ترجمان نے مزید کہا کہ ادارے کا ایک وفد 25 فروری سے پاکستان کا دورہ کرے گا جہاں ای ایف ایف کے تحت تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے دوسرے جائزے پر بات چیت ہوگی۔
DATE . Feb/21/2026


