
اسلام آباد:کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکج 2026 کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جنہوں نے اجلاس کی صدارت بذریعہ ویڈیو لنک کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سمیت متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے سیکریٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔
ای سی سی نے وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے پیش کردہ سمری پر غور کیا جس میں وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکج (PMRRP) 2026 کے لیے 25 ارب روپے فنڈز کی منظوری طلب کی گئی تھی۔
خزانہ ڈویژن نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں رمضان پیکج کے لیے 19 ارب روپے پہلے ہی مختص کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی رقم ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی۔
کمیٹی نے فوری طور پر 19 ارب روپے کے اجراء کی منظوری دے دی تاکہ مستحقین کو ادائیگیوں کا عمل بلا تاخیر شروع کیا جا سکے۔ مزید فنڈز کی فراہمی بدلتی ضروریات اور دستیاب مالی گنجائش کے مطابق زیرِ غور لائی جائے گی۔
کمیٹی نے سمری میں شامل آپریشنل اخراجات کے جزو پر بھی غور کیا اور ہدایت کی کہ اخراجات کی مکمل تفصیلات، بشمول شراکت دار مالیاتی اداروں کو ادائیگیاں اور آگاہی و تشہیری سرگرمیوں کے مصارف، ڈویژنِ خزانہ کو فراہم کیے جائیں۔ ای سی سی نے ایک ارب روپے تک کے آپریشنل اخراجات کی اصولی منظوری دی، تاہم اس شرط کے ساتھ کہ مکمل تفصیلات جمع کروا کر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ رقوم حقیقی ضرورت اور مالی قواعد کے مطابق خرچ ہوں۔
کمیٹی نے ادائیگیوں کے فوری آغاز کی اہمیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے پہلے سے کیے گئے انتظامات کی بھی باقاعدہ منظوری دی تاکہ از سرِ نو مختص شدہ فنڈز کے ذریعے بروقت ادائیگی ممکن ہو سکے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام اخراجات پاکستان کی مالی ذمہ داریوں کے مطابق ہوں گے اور غیر استعمال شدہ رقوم مقررہ ضابطوں کے تحت واپس کر دی جائیں گی۔
ای سی سی نے ماہِ رمضان کے دوران معاشرے کے مستحق طبقات کو بروقت اور باوقار معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، ساتھ ہی مالی نظم و ضبط اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ کمیٹی نے تیز رفتار ادائیگی اور مالی شفافیت کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکج 2026 کا مقصد مقدس مہینے میں کمزور اور کم آمدن والے خاندانوں کو ہدفی مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ اس پیکج کے تحت قومی سماجی و معاشی رجسٹری (NSER) کے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے مستحقین کے انتخاب میں شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ صوابدیدی عمل کا خاتمہ اور احتساب کو مضبوط بنایا جا سکے۔
پیکج کے تحت شناخت شدہ کم آمدن گھرانوں کو ایک مرتبہ نقد مالی امداد دی جائے گی اور سماجی تحفظ کے موجودہ اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ رقوم کی ترسیل باضابطہ بینکاری اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے براہِ راست مستحقین کو کی جائے گی تاکہ محفوظ اور مؤثر ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔
DATE . Feb/20/2026


