بالی وڈ فلم کے ’آواری‘ گانے کا معاوضہ آج تک نہیں ملا: گلوکار عدنان دھول کا انکشاف

پاکستان کے نامور گلوکار  عدنان دھول نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ہدایتکار موہت سوری کی فلم ایک ولن کے گیت آواری کا معاوضہ آج تک نہیں ملا۔

جیو نیوز کی پوڈپوسٹ میں گلوکار عدنان دھول نے شرکت کی، اپنی ذاتی اور پروفیشنل زندگی سے متعلق دلچسپ راز کھولے۔ 

جیو پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عدنان دھول نے کہاکہ گانے کا شوق تھا پھر لاہور آگیا، ڈرامے میں اداکاری بھی کی، گلوکاری کیلئے لمبا سفر ہے، پہلے شو سے 10 ہزار روپے ملے، منیجر نے پروڈکشن کیلئے کمپیوٹر لے کر دیا بس پھر میں لگا رہا اور 18 گھنٹے گھنٹے کام کرتا تھا۔

انہوں نے بتایاکہ  گیت ’پردیس کٹینداں‘  کو جو سمجھتا ہے وہ روتا رہتا ہے، ایک کنسرٹ میں خاتون یہ گیت سن کر اتنا روئیں کہ میں گانا ہی بھول گیا۔

بالی وڈ میں گیت آواری کے حوالے سے کہا کہ موہت سوری نے فیس بک کے ذریعے رابطہ کیا اور کہا کہ ہمیں گانا چاہیے، اس کے بعد پھر آئیفا میں نامزدگی ہوگئی، گانا اگر اچھا ہے اور ہٹ ہے تو وہ لے لیتے ہیں، جب گانا ان کو کلک کرتا تو لیتے ہیں۔

آواری کے پیسوں سے متعلق گلوکار نے انکشاف کیا کہ آواری گانے کے پیسے آج تک نہیں ملے، وہ پیسے ٹی سیریز نے کلیئر کردیے لیکن جو بھارت میں ہمارا نمائندہ تھا اس کو دیے تھے اس سے ہمیں نہیں پہنچے اور آج تک نہیں ملے۔

عدنان دھول کا کہنا تھاکہ آپ کے گانے 2 لاکھ یا 10 لاکھ لوگ سن رہے ہیں تو اس سے بڑا ایوارڈ کیا ہوگا؟ یہ شوز کے ایوارڈ کوئی معنی نہیں رکھتے، آئیفا میں نامزد ہونے پر محسوس ہوا کہ پاکستان میں کوئی منہ نہیں لگاتا تو بعد میں سمجھ آگئی ایوارڈ کیسے ملتے ہیں۔

خیال رہے کہ 2014 میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ’ایک ولن‘ میں شردھا کپور، رتیش دیش مکھ اور سدھارت ملہوترا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

فلم میں عدنان دھول نے آواری گیت گایا بھی اور اس فلم کے گانے کمپوز بھی کیے۔

DATE . Nov/10/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top