
جہلم-وزیر مملکت ریلویز بلال اظہر کیانی نے کہا ہےکہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا تحفہ دے کر مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی روایت دہرائی ۔
جہلم میں بجلی کی قیمتوں میں کمی پر اظہارِتشکر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مسلسل محنت، دیانت اور قوم کی خدمت کے ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا،بجلی کی قیمتوں میں کمی سے ہر پاکستانی کو فائدہ ملے گا،200 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے بل میں 1200 سے زائد جبکہ 400 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ بجلی بل میں تقریباً 3 ہزار روپے کی کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ آ ئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے یہ ریلیف عوام کو دیا گیا،ملک کو دیوالیہ کرنے کے دہانے پر پہنچانےوالے آج تکلیف میں ہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ سے کیوں بچ گیا اور پٹرول اور بجلی کی قیمت کیسے کم ہوگئی، عوام کو مزید خوش خبریاں بھی دیتے رہیں گے۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی رفتار 38 فی صد سے تاریخ کی کم ترین 0.7 فی صد پر آ چکی ہے، پوری قوم قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے عوام کو ریلیف دینے کی اجتماعی کاوش میں بھرپور تعاون کیا۔
DATE . Apr/6/2025