بلاول بھٹو زرداری سے برطانیہ، ناروے، آسٹریا کے پارلیمنٹرینز ، عالمی ٹیکنالوجی و سرمایہ کاری رہنماؤں کے وفد کی ملاقات ،باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو

News Image

اسلام آباد:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے برطانیہ، ناروے، آسٹریا کے پارلیمنٹرینز اور عالمی ٹیکنالوجی و سرمایہ کاری رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات ڈائیلاگ پاکستان کے تحت ہوئی، جس میں باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان دنیا کے لیے ایک قابل اعتماد دوست ملک ہے اور ہم اپنے عالمی پارٹنرز کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انفراسٹرکچر، توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبوں میں عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ اشتراک کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

بلاول بھٹو نے ڈیجیٹل سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور جدید میڈیا، آن لائن سیفٹی، ہائبرڈ وارفیئر اور ڈس انفارمیشن سے نمٹنے پر گفتگو کی۔ملاقات میں تعلیم، صحت، خواتین کی معاشی شرکت، سماجی شمولیت، خطے میں امن، معاشی راہداریوں، ٹرانزٹ ٹریڈ اور پاکستان کے جغرافیائی کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان، وسطی ایشیا اور خلیجی منڈیوں کے ساتھ روابط کو وسعت دینے کی تجاویز کی حمایت کی۔وفد اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے طویل المدتی ایف ڈی آئی، مشترکہ کاروباری منصوبوں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی بات کی۔

عالمی کاروباری و پارلیمانی وفد نے پاکستان کی عسکری، سفارتی اور معاشی مثبت پیشرفت کی دنیا میں پذیرائی کا اعتراف کیا۔ملاقات میں سابق پاکستانی سفیر برائے امریکہ اور بورڈ ممبر آن زیرو علی جے صدیقی، بینک اسلامی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران ایچ شیخ، جے ایس بینک کے پراڈکٹ ہیڈ نینہ شیخ، برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن سائمن اسٹیونز، ناروے اور آسٹریا کے پارلیمنٹرینز، گوگل کی چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسمین گرین، مائیکروسافٹ ٹرننگ کے پروگرام منیجر ایلی الوی، اسٹیلتھ ڈیفنس ٹیک اسٹارٹ اپ کے سی ای او مائیکل ویگانڈ، اور متعدد دیگر عالمی کاروباری و تعلیمی رہنما بھی موجود تھے۔

DATE . Nov/18/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top