
برسلز: کی جانب سے مقرر کردہ ایک اعلیٰ سطحی وفد جس کی قیادت سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کر رہے ہیں، اپنے واشنگٹن، نیویارک اور لندن کے کامیاب دوروں کے بعد اب یورپی یونین کے دارالحکومت برسلز پہنچ گیا ہے۔
اس اہم دورے کا بنیادی مقصد بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا مؤقف پیش کرنا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
وفد کے اراکین میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، سینیٹر شیری رحمان، حنا ربانی کھر، انجینئر خرم دستگیر خان، اور سینیٹر سید فیصل سبزواری جیسے اہم شخصیات شامل ہیں۔ برسلز پہنچنے پر یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور سفارت خانہ پاکستان میں تعینات افسران نے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
اپنے دورہ برسلز کے دوران یہ وفد یورپی یونین اور بیلجیئم کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کرے گا۔ ان ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال، انسانی حقوق کی پامالیاں، اور خطے کے امن و استحکام کے لیے اس کے حل کی اشد ضرورت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یورپی حکام کے ساتھ ساتھ، پارلیمانی وفد کی برسلز میں یورپ کے معروف تھنک ٹینکس اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں سے بھی ملاقاتیں شیڈول کا حصہ ہیں۔
یہ دورہ پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر عالمی سطح پر حمایت حاصل کرنے کی وسیع تر سفارتی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔
DATE . JUN/12/2025