– آزاد انتخاب – بڑی خوشخبری، خلیجی ملک نے دو ہفتوں کا مفت سیاحتی ویزا متعارف کرا دیا


خلیجی ملک عمان نے سیاحت کے فروغ اور مختصر مدت کے سفر کو آسان بنانے کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے منتخب ممالک کے شہریوں کے لیے 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا متعارف کرا دیا ہے۔ نئی سہولت غیر ملکی مسافروں کو بغیر ویزا فیس عمان کا سفر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
عمانی حکام کے مطابق یہ اقدام غیر ملکیوں کے رہائشی قوانین کے انتظامی ضوابط میں ترامیم کے بعد کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کا مقصد زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو عمان کی جانب راغب کرنا اور مختصر دورانیے کے سفری مواقع کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :بیرون ملک ملازمت کے خواہشمندوں کے لیے بڑی خوشخبری، جنوبی کوریا مستقل ڈیجیٹل نومیڈ ویزا متعارف کروا دیا
یہ ترامیم رائل عمان پولیس کے فیصلے نمبر 109/2026 کے تحت نافذ کی گئی ہیں جس پر انسپکٹر جنرل آف پولیس اینڈ کسٹمز لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن الشرائقی کے دستخط ہیں۔ سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے اگلے روز سے ان نئے قواعد پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔
نئے ضوابط کے مطابق مجاز حکام اہل ممالک کے شہریوں کو 14 روز کے لیے مفت سیاحتی ویزا جاری کر سکیں گے۔ اگر کوئی مسافر اس مدت سے زیادہ قیام کرنا چاہے تو ویزا کی مدت ختم ہونے سے پہلے اسے ضابطوں کے مطابق کسی دوسرے سیاحتی ویزا زمرے میں تبدیل کرانے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے ویزا زمرے کو انتظامی ضوابط کے آرٹیکل 10 میں شامل کیا گیا ہے جبکہ آرٹیکل 29 کے تحت داخلہ ویزوں کی سرکاری فہرست میں بھی اس کا اندراج کر دیا گیا ہے۔ اس ویزا کی فیس صفر عمانی ریال مقرر کی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ اہل مسافروں سے کوئی ویزا فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
تاہم عمانی حکومت نے تاحال ان ممالک کی مکمل فہرست جاری نہیں کی جن کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ حکام کے مطابق مفت سیاحتی ویزا صرف ان ممالک کے شہریوں کو دیا جائے گا جنہیں مجاز اتھارٹی کی جانب سے نامزد کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے عمان کی سیاحتی صنعت کو تقویت ملنے کی توقع ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک سے آنے والے مختصر دورانیے کے سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
DATE . 3 / Aug/2026
