بھارتی جارحیت: 40 شہری شہید، جوابی کارروائی کے دوران 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا

News Image

راولپنڈی:بھارتی مسلح افواج کے بلا اشتعال اور وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں 40 شہری شہید ہوئے ، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل جبکہ 121 شہری زخمی ہوئے ، بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کے معرکہ حق کے تحت بھرپور جوابی کارروائی میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران مسلح افواج کے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب، ہندوستانی مسلح افواج نے پاکستان پر بلا اشتعال اور وحشیانہ حملے شروع کیے ،جس کے دوران خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، ان وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں 40 شہری شہید ہوئے ، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل تھے جبکہ 121 دیگر زخمی ہوئے ، جن میں 10 خواتین اور 27 بچے بھی شامل تھے، بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کی ، اور آپریشن بنیان مرصوص کے تحت منہ توڑ جوابی حملے کئے، مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 78 زخمی ہوئے، پاک فوج کے شہداء میں نائیک عبدالرحمن، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبراور سپاہی نثارشامل ہیں ، جبکہ پاک فضائیہ کے شہداء میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینئر ٹیکنیشن مبشرشامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق شہداء کی یہ عظیم قربانیاں ان کی بہادری، لگن اور غیر متزلزل جذبہ حب الوطنی کی ایک لازوال مثال ہے جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی ، پاکستان کی مسلح افواج پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر شہید ہونے والے شہریوں اور فوجی جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں ، انہوں نے کہا کہ قوم ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے پرعزم ہے،کوئی شک میں نہ رہے ، پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، انشاء اللہ

DATE . May/13/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top