بھارتی کرکٹر کے 8 گیندوں پر مسلسل 8 چھکے، تیز ترین ففٹی کا ورلڈ ریکارڈ قائم

بھارتی کرکٹر کے 8 گیندوں پر مسلسل 8 چھکے، تیز ترین ففٹی کا ورلڈ ریکارڈ قائم
میگھالیہ کے آکاش کمار چوہدری نے رنجی ٹرافی میچ میں ریکارڈ قائم کیا— فوٹو: بھارتی میڈیا 

کرکٹ کے کھیل میں بیٹر کی جانب سے 6 گیندوں پر مسلسل 6 چھکے مارنا ایک حیران کن کارنامہ سمجھا جاتا ہے لیکن بھارت کے فرسٹ کلاس  کرکٹر  نے 6 نہیں بلکہ 8 گیندوں پر مسلسل 8 چھکے لگاکر نئی تاریخ رقم کر دی۔  

میڈیا رپورٹس کے مطابق  بھارتی ریاست میگھالیہ سے کھیلنے والے آکاش کمار چوہدری نے رنجی ٹرافی کے پلیٹ گروپ میچ میں اروناچل پردیش کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل 8 چھکے لگا کر فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی ۔

آکاش کمار نےصرف 11 گیندوں اور 9 منٹ میں 50 رنز مکمل کیے۔ انہوں نےایک اوور میں 6  چھکے اور مجموعی طور پر 8  لگاتار چھکے لگاکر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

رپورٹس کے مطابق آکاش نمبر 8 پر بیٹنگ کے لیے اس وقت آئے جب ٹیم کا اسکور پہلے ہی 6  وکٹوں پر 576 تھا۔

آکاش نے بیٹنگ کے آغاز میں ایک ڈاٹ اور 2 سنگل رن لینے کے بعد بائیں ہاتھ کے اسپنر لیمار دابی کے ایک اوور میں مسلسل 6 چھکے جڑ دیے۔

یوں وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے پہلے صرف گار فیلڈ سوبرز (1968) اور روی شاستری (1985) نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

آکاش کمار نے پھر اگلے اوور میں 2 مزید چھکے لگا کر صرف 11 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین ففٹی کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین ففٹی کا ورلڈ ریکارڈ سابق انگلش کرکٹر وین وائٹ کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں Essex کے خلاف 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔

آکاش نے  برق رفتار اننگز  کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور  629 تک پہنچایا جس کے بعد میگھالیہ نے اننگز ڈکلیئر کردی۔ 

آکاش کمار چوہدری 14 گیندوں پر 50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ،ان کی اننگز میں کوئی چوکا شامل نہیں تھا، صرف 8  شاندار چھکے تھے۔

یہ پہلا موقع ہے جب کسی بیٹر نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں مسلسل 8 چھکے لگائے۔

DATE . Nov/11/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top