بھارت شاید اپنے طیاروں کے بکھرے ہوئے ملبے کو بھول گیا ، اگر جنگ کا نیا دور شروع ہوا توجوابی کارروائی تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگی،ترجمان پاک فوج

News Image

راولپنڈی:پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارت کی اعلیٰ سکیورٹی قیادت کی جانب سے سامنے آنے والے متعصبانہ، اشتعال انگیز اور جارحانہ بیانات پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔آئی ایس پی آرکاکہناہے کہ بھارت شاید اپنے طیاروں کے بکھرے ہوئے ملبے کو بھول گیا ہے، اگر جنگ کا نیا دور شروع ہواتو پاکستان پیچھے نہیں رہے گا اور بھرپور جواب دے گا۔

آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ غیر ذمہ دارانہ نوعیت کے بیانات خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرناک بہانے تراشنے کی نئی کوشش کو ظاہر کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ بھارت کئی دہائیوں سے وکٹم کارڈ کا استعمال کرکے فائدہ اٹھا چکا ہے بھارت نے مظلومیت کا کردار اختیار کر کے پاکستان کو منفی رنگ میں پیش کیا جبکہ جنوب ایشیا اور دیگر خطوں میں تشدد کو ہوا دے کر دہشت گردی کو پروان چڑھایا۔

آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ یہ بیانیہ کافی حد تک بے بنیاد ثابت ہو چکا ہے اور بین الاقوامی برادری اب بھارت کو سرحد پار دہشت گردی اور علاقائی عدم استحکام کا اصل چہرہ سمجھ رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا گیا کہ رواں سال کے اوائل میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر کی گئی جارحیت نے دو جوہری طاقتوں کو بڑے تنازع کے دہانے تک پہنچا دیا تھا۔ تاہم ایسالگتاہے کہ بھارت نے اپنے طیاروں کے بکھرے ہوئے ملبے اور پاک افواج کے طویل فاصلے تک پہنچنے والے ہتھیاروں کے اثرات کو فراموش کر دیا ہے، اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ ایک اور تصادم کے لیے بے چین ہے۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی وزیر دفاع اور اس کے فوجی و فضائی سربراہان کے انتہائی اشتعال انگیز بیانات کے پیشِ نظر خبردار کیا ہے کہ مستقبل کا کوئی بھی تنازع انتہائی تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیاہے کہ اگر جنگ کا نیا دور شروع ہوتا ہے تو پاکستان پیچھے نہیں رہے گا، ہم پوری قوت اور پختہ عزم کے ساتھ کسی قسم کی ہچکچاہٹ یا پابندی کے بغیر جواب دیں گے۔

آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ جو لوگ ایک نیونارمل کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان نے جواب کا ایک نیا نیونارمل قائم کر دیا ہے، جو تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا۔ غیر ضروری خطرات اور ہرطرح کی جارحیت کے سامنے پاکستان کے عوام اور مسلح افواج پوری صلاحیت اور عزم کے ساتھ دشمن کے ہر کونے تک لڑائی لے جانے کے قابل ہیں، اور اس بار ہم جغرافیائی استثنیٰ کے تصور کو توڑ دیں گے اور بھارتی علاقے کی دور دراز حدوں کو بھی نشانہ بنائیں گے۔

آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ جہاں تک پاکستان کو نقشے سے مٹانے کی بات ہے، بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر صورتحال آئی تو مٹانے کا عمل باہمی ہوگا۔

DATE . Oct/5/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top