کرناٹک-بھارت میں وقف ترمیمی بل کے خلاف علماء و مشائخ نے شدید احتجاج کیا ہے۔ یہ احتجاج بھارتی ریاست کرناٹک میں جمیعت علماء کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر وقف کو مسلمانوں کا حق قرار دیتے ہوئے فاشسٹ طاقتوں کو اسے چھیننے نہ دینے کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ مودی حکومت مسلمانوں کے حقوق کررہی ہے۔احتجاج کرنے والوں نے واضح کیا کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہیں لیکن آئین کو مسخ نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ احتجاج کسی خاص مذہب یا سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے، بلکہ آئین کے دفاع کے لیے کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ اُن کی آواز دبانے کی ہر کوشش ناکام ہو گی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وقف بل کے ذریعے مسلمانوں کو ان کے آئینی حقوق سے محروم کرنے کی مذموم سازش کی جا رہی ہے اور بی جے پی حکومت کی سرپرستی میں مسلمانوں کی مذہبی شناخت اور املاک کو مٹانے کی ایک منظم کوشش جاری ہے۔
Date . Apr/21/2025



