
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات میں آرمی چیف نے بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو دوہرایا ہے ۔
آرمی چیف نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت معرکۂ حق میں شکست کے بعد اب فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان جیسے پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ ان تنظیموں کا انجام بھی وہی ہو گا جو بھارت نے پہلے بھگتا ہے ۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشتگرد نہ تو کسی مذہب کے نمائندے ہیں، نہ کسی فرقے یا قوم کے، اور ان کے خلاف ایک متحد قومی موقف اور اجتماعی عزم ناگزیر ہے۔انہوں نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مربوط قومی حکمت عملی کے ذریعے ہی صوبے کو ترقی کے سفر پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔نشست کے اختتام پر ایک جامع مکالمہ بھی ہوا، جس میں ورکشاپ کے شرکاء نے آرمی چیف سے مختلف امور پر سوالات کیے۔
DATE . July/30/2025