
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ شب اپنی بزدلانہ تاریخ دہراتے ہوئے رات کی تاریکی میں آزاد کشمیر اور پاکستان کے اندر چھ مساجد اور شہری مقامات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فضائیہ اور فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے تین جدید رافیل لڑاکا طیاروں سمیت پانچ جہازوں اور ایک مسلح ڈرون کو مار گرایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کے ایک بریگیڈ ہیڈ کواٹرز سمیت درجنوں چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ مار گرائے گئے طیاروں کے ملبے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر سمیت مختلف مقامات پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انکشاف کیا کہ بھارت نے ایک اور خطرناک کارروائی کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں ہمارے آبی ذخیرے نیلم جہلم کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، جو عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جس وقت بھارت نے رات کی تاریکی میں حملے کیے، اس دوران پاکستان کی فضائی حدود میں 57 بین الاقوامی مسافر طیارے موجود تھے، جس سے بھارت نے کئی ممالک کے شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں مساجد اور مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا، جو مودی کی تنگ نظر اور انتہا پسندانہ سوچ کی عکاسی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت نے تو وار کر دیا ہے، اب پاکستان اپنی آزادی، خود مختاری اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج اپنے مادر وطن کی فضائی، سمندری حدود سمیت زمین کے ہر ایک انچ کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار تھے اور رہیں گے، اور اپنے ازلی دشمن کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
DATE . May/7/2025