
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نیوز بریفنگ میں انکشاف کیا ہے کہ حالیہ بھارتی حملے میں 31 بے گناہ پاکستانی شہری شہید جبکہ 57 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس حملے کو بھارت کا بزدلانہ اور کم ظرف اقدام قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ دشمن نے نہتے اور کم عمر شہریوں کو نشانہ بنایا، جن میں بچے بھی شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مساجد کو نشانہ بنایا گیا اور قرآن پاک کے نسخے شہید کیے گئے۔ “دنیا کا کون سا مذہب عبادت گاہوں پر حملے کی اجازت دیتا ہے؟” انہوں نے سوال اٹھایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ پر بھی بھارتی گولہ باری کی گئی، جو جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے کیونکہ پانی کے ذخائر پر حملہ ممنوع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستانی فضائی حدود میں موجود 57 بین الاقوامی پروازوں کی جانیں بھی خطرے میں ڈالیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جدید بھارتی طیاروں کو زمین بوس کیا، جبکہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں صرف ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا اور کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔ کارروائی میں بھارت کے 7 ڈرون بھی مار گرائے گئے۔ خوش قسمتی سے پاک فوج کا کوئی بھی سپاہی شہید نہیں ہوا اور پاکستان کا کوئی طیارہ بھی تباہ نہیں ہوا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھرپور جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے اور پوری قوم کی حمایت پر افواجِ پاکستان قوم کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع، خود مختاری اور عوام کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
DATE . May/8/2025