
بیجنگ: پاکستان سفارتخانہ بیجنگ میں چین اوورسیز ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن اور چائنا انٹرنیشنل انٹیلیکٹیک گروپ کمپنی لمیٹڈ کے تعاون سے ایک جاب فیئر کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد چین میں مقیم پاکستانی ہنرمندوں کو چینی کمپنیوں کے ساتھ براہِ راست جوڑنا ہے۔
اس پروگرام میں تقریباً دو ہزار شرکاء آن سائٹ اور آن لائن شریک ہوئے۔ کل 372 پاکستانی امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی، جن میں سے قریب 100 نے چینی سرکاری کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سے ابتدائی انٹرویوز میں حصہ لیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب پاکستانی سفارتخانے کی قیادت میں براہِ راست چینی کمپنیوں کو چین میں تربیت یافتہ پاکستانی پروفیشنلز سے لنک کیاگیا۔
جاب فیئر میں چین کے سرکاری اور نجی شعبے کے بڑے اداروں نے شرکت کی جو پاکستان میں توانائی، بنیادی ڈھانچے اور انجینئرنگ کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ چین سے تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی نہ صرف تکنیکی طور پر ماہر ہیں بلکہ وہ چینی زبان اور ثقافت سے بھی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو کامیاب بنانا اور مقامی ہنرمندوں کو روزگار فراہم کرنا ہے۔
DATE . Jan/14/2026


