
لاہور-بیساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے 5803 سکھ یاتری حسین و خوشگوار یادوں کے ساتھ اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے۔ واہگہ بارڈر پر صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے یاتریوں کو رخصت کیا۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ارکارن اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے پاکستان قیا م کے دوران اپنے مقدس مقامات کی یاترہ کی اور مذہبی رسومات ادا کیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ پاکستان حکومت اقلیتوں خصوصا سکھ یاتریوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے کوشش ہے کہ اگلی مرتبہ ویزوں کی تعداد کو مزید بڑھایا جائے ۔
دہلی گوردوراہ مینیجمینٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار دلجیت سنگھ اور دیگر سکھ یاتریوں نے کہاکہ پاکستان میں انسان اور انسانیت کی تعظیم دیکھی ہے،یہاں سے ملنے والے پیار سے بھارتی سرزمین کو مہکانے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے سکھ یاتریوں کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان ، حکومت پنجاب اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
DATE . Apr/19/2025