بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس: اسپیکر سردار ایاز صادق سے قطر کے اسپیکر کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی ملاقات، دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو

News Image

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے قطر کے اسپیکر حسن بن عبداللہ الغانم کی سربراہی میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے پارلیمانی وفد نے پیر کی شام اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے عوام مذہب، ثقافت اور باہمی احترام کے دیرینہ رشتوں میں منسلک ہیں۔ اسپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر روابط میں اضافہ باہمی تعلقات کو نئی وسعت دے گا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین تعاون خطے میں استحکام، امن اور ترقی کا ضامن بن سکتا ہے۔ انہوں نے قطری پارلیمان کے فعال کردار، دور اندیش قیادت اور سفارتی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قطر امتِ مسلمہ میں امن، استحکام اور سفارتکاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اسرائیل کی جانب سے قطر پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جارحیت مسلم اُمّہ کے اجتماعی وقار اور خودمختاری پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، اور تمام اسلامی ممالک کو عالمی فورمز پر مشترکہ اور مؤثر مؤقف اپنانا چاہیے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے تعلقات بھائی چارے، باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتے موجود ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارت، تعلیم اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین قطری شوریٰ کونسل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قطر کے اسپیکر حسن بن عبداللہ الغانم نے پاکستان کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کی مذمت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا واضح، اصولی اور جرات مندانہ مؤقف قابلِ تحسین ہے۔ اسپیکر قطر نے مسلم اُمّہ کے اتحاد کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ فلسطین اور قطر کے عوام پاکستان کے جذبۂ یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قطر، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ اسپیکر قطر نے پاکستان کے عالمی فورمز پر امن، انصاف اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے عوامی اور پارلیمانی روابط میں اضافہ خطے میں امن و ترقی کا باعث بنے گا۔قطر کے اسپیکر نے پاکستانی پارلیمان اور عوام کے لیے نیک تمناؤں، خیرسگالی اور تعاون کے عزم کا اظہار کیا

DATE . Nov/11/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top