
اسلام آباد: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کی رفتار بڑھانے کے لیے آبادی کا مؤثر کنٹرول وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاپولیشن کونسل کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ولنریبلٹی انڈیکس رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی معاشی، سماجی اور ماحولیاتی شعبوں پر شدید دباؤ کا باعث بن رہی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ زیادہ آبادی نہ صرف وسائل کو محدود کر رہی ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی 65 فیصد آبادی آج بھی عارضی اور کچی رہائش میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے، جبکہ صاف پانی، تعلیم اور محفوظ رہائش جیسی بنیادی ضروریات تک رسائی کا شدید فقدان ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ مسلسل ترقی کے لیے مؤثر آبادی مینجمنٹ، ذمہ دارانہ فیملی پلاننگ اور آبادی میں اعتدال کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زیادہ بچوں کی پیدائش زچہ و بچہ کی صحت کے لیے سنگین مسائل پیدا کرتی ہے، جبکہ آبادی میں توازن پیدا کیے بغیر روزگار کے مواقع بڑھانا، معاشی استحکام لانا اور شہری سہولیات کو بہتر بنانا ممکن نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آبادی کے دباؤ میں کمی لاکر ہی مستقبل کی نسلوں کو بہتر معیارِ زندگی اور مضبوط معیشت فراہم کی جاسکتی ہے، کیونکہ آبادی پر کنٹرول سے ہی خوشحالی کے راستے کھلتے ہیں۔
DATE . Nov/17/2025


