
حیدرآباد: لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (جامشورو) کے ڈائیگنوسٹک اینڈ ریسرچ لیبارٹری میں”حیدرآباد کینسر رجسٹری” کا افتتاح کیا گیا۔ رجسٹری کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مردوں میں سب سے زیادہ منہ کا کینسرعام پایا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر جامعہ، پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اوجاں تھے
ڈاکٹر اکرام اوجاں نے کہا کہ اس رجسٹری کا مقصد پاکستان بھر سے کینسر کے مریضوں کا ڈیٹا جمع کرنا اور اس کی بنیاد پر تحقیق و تجزیہ کرنا ہےتاکہ ملک میں سرطان کے پھیلاؤ، اس کے اسباب اور روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لیاقت یونیورسٹی نے کراچی کینسر رجسٹری، ہیلتھ ریسرچ انسٹیٹیوٹ، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی کے اشتراک سے حیدرآباد کینسر رجسٹری کے تحت 2020 سے 2023 کے دوران مختلف عمر اور صنفی گروپوں میں سرطان کے کیسز کا ڈیٹا جمع کیا اور اس کا تجزیہ کیا گیا۔
اس تحقیق کا مقصد ملک میں زیادہ عام پائے جانے والے کینسر کی اقسام اور ان کے خطرات کی نشاندہی کی جا سکے تاکہ حکومت اور نجی شعبہ اس حوالے سے مؤثر اقدامات کر سکیں اور کینسر کنٹرول پروگرامز کو ترجیح دی جا سکے۔
DATE . June/16/2025