
اسلام آباد:جاپان خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے سکولوں کی تعمیر اور بحالی کے لیے 427 ملین جاپانی ین (تقریباً 2.7 ملین امریکی ڈالر)امداد فراہم کرے گا ۔اس حوالے سے اسلام آباد میں حکومتِ جاپان، اقوامِ متحدہ (UN-HABITAT) اور جائیکا (JICA) کے درمیان معاہدے پر دستخطوں کی تقریب ہوئی جس میں جاپان کے سفیر مسٹر اکاماتسو شوئیچی نے شرکت کی ۔
معاہدے کے تحت سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ دو اضلاع میں تعلیمی انفراسٹرکچر اور قدرتی آفات کے خلاف مزاحمت کو مضبوط بنایا جائے گا ۔ 2025 میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب نے 437 اسکولوں کو نقصان پہنچایا تھا جس سے تعلیمی سلسلہ بری طرح متاثر ہوا تھا خاص طور پر سوات اور بونیر کے اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
یہ گرانٹ سوات اور بونیر میں 2025 کے سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی بحالی اور ان کی تعمیرِ نو (RETROFITTING) میں مدد فراہم کرے گی۔ منصوبے کا مقصد اسکولوں کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا وہاں روشنی و ہوا کے نظام کو بہتر بنا کر محفوظ، پائیدار اور فعال تعلیمی ماحول بحال کرنا ہے۔
DATE . Feb/12/2026


