
وزیراعظم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون سے دواسازی کے شعبے کی ترقی اور بہتر ریگولیشن کے لیے جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے ۔ جعل سازوں کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
شعبہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دوا سازی کے شعبے میں جعل سازی کو سہولت کاری فراہم کرنے والے افسران کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائی جائے ۔وزیراعظم نے ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد میں عالمی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے ، تحقیق سے دواؤں کی برآمدات میں اضافہ یقینی بنانے ،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آٖف پاکستان میں اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد کو تیز کرنے ، ڈریپ کے پالیسی بورڈ میں اچھی شہرت کے حامل ماہرین کی میرٹ پر تعیناتی یقینی بنانے اور ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کو موثر اور مضبوط بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات دیں ۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں بنائے جانی والی ادویات کی ڈیجیٹل نظام کے تحت رجسٹریشن کے نظام کا نفاذ حتمی مراحل میں ہے۔وزیراعظم کو آلات جراحی کی برآمدات کے مزید فروغ کے لیے شعبے کی استعداد میں اضافے اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وزارت صحت کی جانب سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
اس پوسٹ کو شیئر کریں
DATE . Feb/21/2025