مظفرآباد۔10دسمبر (اے پی پی):جموں و کشمیر لبریشن سیل اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے اشتراک سے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں چیئر مین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون ،وزرا حکومت امتیاز نسیم اور میاں عبد الوحید ،حریت رہنما فاروق رحمانی ،سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل وجاہت رشید بیگ،الطاف حسین وانی، سید فیض نقشبندی، پرویز ایڈووکیٹ، ندا اسلام،راجہ خان افسر، مولانا عمر حماد، محمد فرید نجیب الغفور خان،راجہ شاہد رضا بھی موجود تھے۔
مقررین نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے انسانی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے یاسین ملک اور مسرت عالم بٹ سمیت کشمیری لیڈروں کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے اور ان پر بے بنیاد مقدمات بنائے جا رہے ہیں ،ان کے انسانی حقوق بھی مسلسل پامال کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنا حق خودارادیت چاہتے ہیں جس کا اقوام متحدہ نے بھی ان سے وعدہ کر رکھا ہے ،بھارت کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری بھارت سے آزادی لیکر رہیں گے اور اپنے شہداء کامشن الحاق پاکستان مکمل کریں گے۔تقریب کے اختتام پر شہداء کشمیر و پاک فوج کیلیے خصوصی دعا کی گئی۔
DATE .DEC/11/2024