
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان نے جنگ میں پہل نہیں کی، بلکہ اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت خطے کو تباہی سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اسحاق ڈار نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ سے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کو بتایا کہ اب گیند بھارت کے کورٹ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت مزید مہم جوئی سے باز رہتا ہے تو پاکستان بھی تحمل کا مظاہرہ کرے گا۔
نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ جنگ پاکستان کی ترجیح نہیں، لیکن اپنا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ افواج پاکستان کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل مستعد ہیں۔
DATE . May/10/2025


