
ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں جاری ٹورنامنٹ میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے بہترین آغاز کیا اور ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں سات گول سے مات دی۔پاکستان کی جانب سے کھیل کے ہی تیسرے منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر کے ذریعے پہلا گول داغاجبکہ 21 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر ہی دوسرا گول اسکور کیا۔تیسرا گول 30 ویں منٹ میں کپتان عبدالحنان شاہد نے، چوتھا گول 32 ویں منٹ میں ندیم خان نے کیا۔34 ویں منٹ میں سفیان خان نے اپنی ہیٹرک مکمل کرتے ہوئے پاکستان کی برتری 5 گول کر دی۔44 ویں منٹ میں ندیم خان نے میچ کا چھٹا گول کیا جبکہ ٹیم کا ساتواں اور آخری گول 52 ویں منٹ میں حمزہ فیاض نے اسکور کیا۔
ملائیشیا کی جانب سے عمار اور عظیم الدین نے گول کئے۔ ایونٹ میں پاکستان ٹیم کل انگلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔
DATE . Oct/14/2025


