حج معاونین کی تربیت انتہائی اہم، اللہ کے مہمانوں کی خدمت اولین ترجیح ہے: سردار محمد یوسف

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج معاونین کی تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے تاکہ وہ عازمین حج کی بہترین انداز میں خدمت انجام دے سکیں۔ وہ حاجی کیمپ اسلام آباد میں حج 2025 کے معاونین کے تربیتی سیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عازمین حج کی خدمت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، اسی لیے معاونین کی مکمل تربیت ضروری سمجھی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حج کے مناسک کی ادائیگی کے دوران حاجیوں کی بھرپور معاونت کی جائے۔سردار محمد یوسف نے بتایا کہ معاونین کا انتخاب نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ذریعے کیا گیا ہے تاکہ خدمت کے لیے بہترین اور قابل افراد کو چنا جا سکے۔ انہوں نے معاونین کو یاد دلایا کہ وہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے عظیم فریضے پر مامور ہیں اور ان کی نیت کے مطابق انہیں اجر بھی عطا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حج معاونین کو نہ صرف حاجیوں کی خدمت کرنی ہے بلکہ مقدس سرزمین پر پاکستان کے سفیر کے طور پر بھی اپنے کردار کو بخوبی نبھانا ہے اور ملک و قوم کی نیک نامی کا بھرپور خیال رکھنا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی حاجی کو معاونین سے شکایت کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔ سردار محمد یوسف نے مزید کہا کہ وہ خود بھی حج کے دوران وہاں موجود ہوں گے اور ہمیشہ کی طرح کسی بھی قسم کا پروٹوکول نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے مہمان ہمارے سب سے بڑے وی آئی پی ہیں اور ان کی خدمت اولین ترجیح ہے۔

Date . Apr/22/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top