حق و سچ کی راہ پر چلنے والے صحافی ہی حقیقی ہیرو ہیں،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پیغام

News Image

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حق اور سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ احساسِ ذمہ داری کے ساتھ آزادیٔ صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے اور ایک مضبوط جمہوری معاشرے کے لیے صحافت کا آزاد ہونا ناگزیر ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صحافی معاشرتی انصاف کے محافظ اور عوام کی آواز ہیں۔ ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی ہی حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بحیثیت وزیر اعلیٰ آزادیٔ صحافت کے تحفظ کی ضامن ہیں اور حکومت پنجاب صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بے گھر صحافیوں کے لیے اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔ ہم حق اور سچ کی راہ پر چلنے والے صحافیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ دن ان بہادر صحافیوں کی یاد تازہ کرتا ہے جنہوں نے حق اور سچ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا یا مشکلات برداشت کیں۔ انہوں نے فخر سے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب میں صحافی اور صحافت محفوظ ہیں، یہاں ان کے قتل یا تشدد کے واقعات نہ ہوئے ہیں اور نہ ہی ہوں گے۔

DATE . Nov/2/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top