
وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے کثیر جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ وہ آج (منگل) اسلام آباد میں تیسویں سالانہ تکنیکی کانفرنس اور آئل شو کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ توانائی تک رسائی ، پائیدار توانائی اورمناسب قیمت پر توانائی کی فراہمی توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے حکومتی حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اہداف کے حصول کے لئےIndigenization، Electrification اور Liberalization سمیت تین محاذوں پر کام کررہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمت میں کمی پر توجہ مرکوز کررہی ہے اور اس مقصد کیلئے توانائی کے مقامی وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔مصدق ملک نے کہا کہ دس برسوں کے بعد چالیس نئے آف شور اور اکتیس ان شور بلاکس کا اعلان کیا گیا ہے جو بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کے لئے ماحول ساز گار ہے اور ان بلاکس سے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے شاندار مواقع حاصل ہونگے۔
DATE . Feb/18/2025